بھٹکل7/جولائی (ایس او نیوز) گذشتہ دو دنوں سے کرناٹک کے تینوں ساحلی اضلاع میں زبردست بارش جاری ہے، ضلع اُترکنڑا ، اُڈپی اور دکشن کنڑا کے تقریبا تمام تعلقہ جات سے بھاری بارش کی خبریں موصول ہورہی ہیں جس سے تمام علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک مزید بارش جاری رہنے کی جانکاری دی ہے۔
ضلع دکشن کنڑا کے پُتور میں بھاری بارش کے چلتے ایک مکان کی دیوار گرنے سے دو لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کو یہ واردات پیش آئی جس میں ایک بزرگ خاتون پاروتی (65) اور گیارہ سالہ اُس کا پوتا دھنوش موقع پر ہی چل بسے۔ اسی طرح ضلع کے بعض مقامات پر چٹان کھسکنے کی وارداتیں بھی پیش آئی ہیں۔
مینگلور کے اُروا نامی مقام پر ایک گھنا درخت گرنے سے کچھ دیر کے لئے ٹریفک نظام متاثر ہوا، مگر بعد میں درخت کو وہاں سے ہٹادیا گیا۔
ضلع اُترکنڑا کے کاروار، انکولہ، کمٹہ اور بھٹکل میں بھی دودنوں سے موسلادھار بارش جاری ہے، البتہ کسی بھی علاقہ سے نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔
ضلع دکشن کنڑا کے موڈبیدری، سولیا اور بیلتنگھڈی میں زبردست بارش کو دیکھتے ہوئے آج سنیچر کو اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، اسی طرح مینگلور کے بھی کچھ اسکولوں میں چھٹی دینے کی خبر ہے
ضلع اُڈپی کے بھی کچھ اسکولوں میں بارش کو دیکھتے ہوئے اسکولوں میں چھٹی دے دی گئی ہے، البتہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے چھٹی کا اعلان نہیں ہوا ہے۔
دکشن کنڑا کے مُلکی، مڈن تھیار، پڈوبدری، پونجلکٹے، وینور، بنٹوال، سورتکل، سبرامنیا، کڈبا، کارکلا، پُتور، اُپیننگڈی، بیلتھنگڈی، گرووائنکیرے، ہر جگہ بارش سے سڑکوں پر کثیر مقدار میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں جس سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔
اُڈپی کے ہیبری، باجے گولی، کنداپور، برہماور، کاوپ، شیروا اور دیگر علاقوں میں بھاری بارش کی اطلاعات ہیں۔
ضلع اُڈپی کے کنداپور کے قریب مرونتے نیشنل ہائی وے پر بھاری بارش کی وجہ سے جمعہ کو ایک تیز رفتار کار سڑک پر پھسل گئی، جس کی سی سی ٹی فوٹیج سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ وڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ کار سڑک پر پھسلتے ہوئے الٹ کر کافی دور جاگری ہے۔ مگر بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں معجزاتی طور پر کار پر سوار سبھی لوگ محفوظ رہ گئے ہیں۔ حادثے میں کار کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بھٹکل میں جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے آج سنیچر صبح آٹھ بجے تک 117ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطا بق اس بار کے مانسون میں آج صبح آٹھ بجے تک جملہ 1611.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔